Tuesday 5 December 2017

آغا حشر کاشمیری کی تمثیل نگاری


آغا حشر کاشمیری کی تمثیل نگاری
فروغ احمد
کروڑی مل کالج (دہلی یونیورسیٹی)

مرزا اسد اللہ خان غالب کے بارے میں مولانا مودودی فرمایا کرتے تھے کہ بحیثیت قوم ہماری یہ خوش قسمتی ہے کہ غالب نے اسی میں جنم لیا اور یہ غالب کی بدقسمتی ہے کہ اسے ہمارے جیسی قوم ملی۔ مولانا مودودی دراصل یہ کہنا چاہتے تھے کہ زمانے نے ’’مرزا اسد اللہ خان غالب ‘‘کی وہ قدر نہیں کی جس کے وہ مستحق تھے۔ غالب کے بعد اگر یہ بات کسی ادبی شخصیت پر صادق آتی ہے تو وہ برصغیر کے شیکسپیئر’’آغا حشر کاشمیری ‘‘کی ذات ہے۔ ولیم شیکسپیئر کے بارے میں علامہ اقبال فرماتے ہیں۔
حفظِ اسرار کا فطرت کو ہے سودا ایسا
راز داں پھر نہ کرے گی کوئی ایسا پیدا

                ولیم شیکسپیئر نے جو کچھ لکھا وہ انسانی نفسیات کے عین مطابق اور اس کو مکمل انداز میں سمجھتے ہوئے لکھا۔اسی طرح آغا حشر کاشمیری نے جب بھی قلم اٹھایا اپنے کرداروں کی سوچ اور جذبات کو یوں بیان کر دیا کہ دیکھنے والے بے ساختہ یہ کہنے پر مجبور ہو گئے۔’’گویا یہ بھی میرے دل میں ہے‘‘آغا حشر کو شہرت تو بہت ملی لیکن ان کے فکر و فن کو سمجھنے کی کوشش خالی خالی ہی دیکھنے میں آتی ہے یہ نابغِہ روزگار ڈرامہ نگار اور فی البدیہہ شاعر اگر یورپ میں پیدا ہوتا تو آج اس کے نام پر کئی ادبی تنظیمیں اور ادارے وجود میں آ چکے ہوتے۔ انہوں نے اپنی بے مثال کردار نگاری، لاجواب مکالموں اور فی البدیہہ شعروں سے برصغیر میں سٹیج اور فلم کو ایسی بلندی عطا کی جو ان سے پہلے اور بعد میں کسی ادیب شاعرکے حصے میں نہیں آئی انہیں بجا طور پر برصغیر میں فنِ اداکاری، ڈرامہ نگاری اور مکالمہ نگاری کا اولین لیجنڈ قرار دیا جا سکتا ہے۔
آغاحشرؔ کاشمیری کی حالاتِ زندگی اورشخصیت

              آغا محمد شاہ نام، حشرؔ تخلص، والد کا اسمِ گرامی آغا غنی شاہ تھا۔ آغا غنی شاہ کے ماموں سید احسن اللہ شاہ اور بڑے بھائی عزیزاللہ شاہ شالوں کی تجارت کے سلسلے میں سری نگر سے بنارس آئے اور پھر یہیں مستقل سکونت اختیار کی۔ سید احسن اللہ شاہ نے کچھ عرصہ بعد آغا غنی شاہ کو بھی بنارس بلا لیا اور اپنی سالی سے شادی کر ادی ،اور یہیں آغا حشرؔ کی پیدائش یکم ا پریل 1879 ء کوبنارس میں ہوئی۔
              حشرؔ کے برادرِ خورد آغا محمود شاہ کاشمیری حشرؔ کی پیدائش کے بارے میں لکھتے ہیں ''آغا محمد شاہ حشرؔ یکم ا پریل 1879ء جمعہ کے روز ناریل بازار محلہ گوبند کلاں شہر بنارس میں پیدا ہوئے۔ زندگی بھر انھوں نے اپنی وطنیت کو اپنی ذات سے علیحدہ کرنا پسند نہ کیا اور خود کو ہمیشہ کاشمیری کہتے اور لکھتے رہے''۔
حشرؔ کی عربی وفارسی کی تعلیم گھر پر ہوئی اور انگریزی تعلیم انھوں نے جے نرائن مشن اسکول بنارس میں حاصل کی،آغا حشرؔ ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ وہ نہ صرف اعلیٰ درجے کے مایہ ناز ڈراما نگار تھے بلکہ باکمال شاعر، شعلہ بیان مقرر اور خطیب بھی تھے۔ ان کی تعلیم تو واجبی ہی تھی مگر ذاتی مطالعے کی بنا پر انھوں نے اردو، فارسی اور ہندی میں فاضلانہ استعداد حاصل کر لی تھی۔ ان زبانوں کے علاوہ انھیں عربی، انگریزی،گجراتی اور بنگلہ کی بھی خاصی واقفیت تھی۔ انھیں مطالعے کا بے انتہا شوق تھا،یہاں تک کہ جس پڑیا میں سودا آتا تھا اس کو بھی پڑھ ڈالتے تھے۔ مطالعے کے ساتھ ساتھ حافظہ بھی بلا کا پایا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ مختلف موضوعات پر بڑے اعتماد اور بے تکلّفی سے گفتگو کرتے خواہ وہ موضوعات ادب سے متعلق ہوتے یا مذہب سے یا سیاست سے۔
          حشرؔ مشرقی تہذیب کے دل دادہ تھے۔ مغربی تہذیب سے انھیں سخت نفرت تھی۔ ملک کی سیاسی اور قوم کی زبوں حالی پر ان کا حسّاس دل تڑپ اٹھتا تھا۔ حب الوطنی اور حصولِ آزادی کا جذبہ ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا تھا۔ مغربی تہذیب و معاشرت کی تقلید انھیں انتہائی نا پسند تھی۔ ان کے کئی ڈرامے ان نظریات کی ترجمانی کرتے ہیں۔ حشر ایک طرف مشرقی اقدار کے پرستار اور دوسری طرف جذبہ اسلام سے سرشار تھے۔ ''شکریہ یورپ'' اور ''موجِ زمزم'' ان کی وہ بے مثال نظمیں ہیں جن کا ایک ایک لفظ اسلام سے محبت کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہے۔ یہ نظمیں زبان وبیان، فنّی کاریگری، ادبی لطافت اور ابلتے ہوئے جذبات کا حسین امتزاج اور شاہکار ہیں۔ ان نظموں میں علامہ اقبالؔ کا رنگ غالب ہے۔آغا حشرؔ کے زورِ خطابت اور تقریر کا اعتراف ان کے دوست تو کرتے ہی تھے مگر حریف بھی ان کی قابلیت کا لوہا مانتے تھے''انجمن حمایتِ اسلام'' لاہور کے جلسوں اور بمبئی کی مجالسِ مناظرہ میں روح پرور تقریروں کی بدولت حشرؔ سامعین کے دلوں پر چھاجاتے تھے، مناظروں میں مبلغین اور آریہ سماجیوں کے چھکّے چھڑا دیتے۔ ان مناظروں میں حشرؔ کے ساتھ مولانا ابو الکلام آزاد، سجّادؔ دہلوی، خواجہ حسنؔ نظامی، مولانا ابوالنصرؔ اور نذیرحسین سخاؔ ہوتے جن کے سامنے مخالفین گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جاتے۔ اسلام کی تبلیغ اور اس کے تحفظ کے لیے آغا حشرؔ نے ہمیشہ مذہبی جوش اورسرگرمی کا ثبوت دیا۔ ''انجمنِ حمایتِ اسلام'' لاہور کے جلسے میں جس وقت انھوں نے ''شکریہ یورپ'' کے مناجات والے بند کا پہلا شعر پڑھا۔

آہ جاتی ہے فلک پر رحم لا نے کے لیے
بادلو! ہٹ جاؤ دے دو راہ جانے کے لیے

تو سامعین کے ہاتھ بے اختیار دعا کے لیے اُٹھ گئے اور آنکھوں سے اشکوں کا سیلاب جاری ہو گیا۔
                آغا حشرؔ خلیق اور با مروت، وسیع القلب اور وسیع الذہن انسان تھے غرور و تکبّر سے انھیں سخت نفرت تھی۔ سخن فہموں کے قدر دان تھے۔ لطیفہ گوئی اور بذلہ سنجی میں ان کا کوئی ہمسر نہ تھا۔ ان کا کما ل یہ تھا کہ لطیفوں اور چٹکلوں میں خشک سے خشک بحث بھی اس طرح کرتے کہ سننے والا متاثر ہو جاتا۔ دوسروں کی مدد کرنا ان کا شیوہ تھا۔ ان کے غصے میں بھی پیار تھا۔ حشرؔ گالیاں دینے میں بڑے ماہر تھے۔ حتیٰ کہ مشہور فن کارہ اور گلو کارہ مختار بیگم کو جنھیں وہ اپنی جان سے زیادہ چاہتے تھے گالیاں دینے سے نہ چوکتے۔ اس فن کارہ نے ان کی زندگی اور ڈراما نگاری میں بڑا اہم رول ادا کیا تھا۔ حشرؔ نے ان سے شادی کر کے اپنی بے پناہ محبت کا ثبوت دیا۔ بقول مختار بیگم مرحومہ ''میں جب ان کی زندگی میں داخل ہو گئی تو انھوں نے بتایا کہ میں ساری زندگی اپنے آپ کو مصرع سمجھتا رہا۔ تمھارے ملنے سے شعر بن گیا ہوں، میری نا مکمل زندگی کے ساتھ ساتھ تم نے میری شاعری کو بھی مکمل کر دیا ہے۔ اب میری تحریر اس قدر بلندی پر جا پہنچی ہے کہ مجھے کوئی دوسرا نظر ہی نہیں آتا''۔
             حشرؔ شراب کے عادی تھے لیکن آخری عمر میں انھوں نے منہ سے لگی ہوئی اس کافر کو چھوڑ دیا تھا اور پھر کبھی نہ پی،حشرؔ کی آخری عمر لاہور میں گزری۔ وہ زندگی کے اخیر دنوں میں بیمار تھے اور حکیم فقیر محمد چشتی کے زیرِ علاج رہے جو ان کے عزیز ترین دوستوں میں سے تھے۔ وہ اپنے ڈرامے بھیشم پر تگیا (بھیشم پتاما)'' کو فلمانے کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ28! اپریل1935 ء کو پیغامِ اجل آ پہنچا۔ لاہور میں قبرستان میانی صاحب میں سپردِخاک کیے گئے۔ یہیں آغا حشرؔ کی بیوی بھی دفن ہیں۔
       حشرؔ کے انتقال پر ابوالاثر حفیظؔ جالندھری،حکیم محمدیونس،پنڈت نرائن پرشاد بیتابؔ بنارسی اور فرحت اللہ بیگ نے قطعات اور تاریخِ وفات کہی۔ بیتابؔ نے حشرؔ کے فن کی عظمت کا اعتراف اور ان کی وفات پر اپنے جذبات کا اظہار اس طرح کیا ہے۔
اے حشرؔ کہ تو رقیبِ فن تھا میرا
آخر مجھے تو نے جیت کر ہی چھوڑا

لکھنے میں تو تھا ہی توٗ ہمیشہ آگے
مرنے میں بھی بیتابؔ سے پیچھے نہ رہا

ناٹک جو لکھا ملک میں مقبول ہوا
فقرہ جو تراشا وہی منقول ہوا


تھا رنگِ زباں بھی اس قدر معنی خیز
اسٹیج پہ تھوکا بھی تو اک پھول ہوا
آغا حشرکی ڈرامہ نگاری
آغا حشرؔ کو ڈرامے سے ذہنی لگاؤ اورطبعی مناسبت تھی۔ان کے دورانِ تعلیم بنارس میں الفریڈ کمپنی پہنچی۔ اس زمانے میں ڈرامے کی دنیا میں میر حسن احسنؔ لکھنوی کا بڑا شہرہ تھا۔ اس کمپنی کے دکھائے گئے کھیلوں میں سب سے زیادہ کامیابی احسنؔ کے ’چندراؤلی‘کوملی۔حشرؔ بھی کھیل دیکھنے جاتے تھے، چنانچہ ان کی سوئی ہوئی صلاحتیں جاگ اٹھیں اور انھوں نے ’’آفتابِ محبت‘‘ کے نام سے اپنا پہلا ڈراما لکھا۔گویا ان کی ڈراما نگاری کے سفرکا یہ آغاز تھا۔حشرؔ نے کمپنی کے مالک کوجب اپنا یہ ڈراما دکھا یا تو اس نے اُسے اسٹیج کرنے سے انکارکر دیا۔ مالک کے رویے اور اس کے انکار کا ردِعمل حشرؔ پر یہ ہوا کہ انھوں نے اپنی پوری زندگی ڈراما نگاری کے لیے وقف کر دی اور کچھ ہی عرصے بعد وہ اسٹیج کی دنیا پر چھا گئے۔ حشرؔ کا یہ پہلا ڈراما، اسٹیج تو نہ ہو سکا لیکن ’’بنارس کے جواہراکسیر کے مالک عبد الکریم خاں عرف بسم اللہ خاں نے ساٹھ روپے میں خرید لیا اور اپنے پریس میں چھاپ ڈالا۔ متعدد وجوہ ایسی تھیں کہ حشرؔ بنارس میں رہ کر نہ تو فنِ تمثیل نگاری کی خدمت کر سکتے تھے اور نہ اپنے طبعی رجحان اور جذبے کی تکمیل کر سکتے تھے۔دوسرے اس زمانے میں شرفا ڈراما دیکھنا پسند کرتے تھے نہ اس کے فن کو سراہتے تھے بلکہ اس میں شریک ہونا بھی باعثِ عار سمجھتے تھے۔ تیسرے ڈرامے کو ادبی اور علمی کام نہیں سمجھا جاتا تھا۔ اس لیے حشرؔ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے بنارس چھوڑکر بمبئی چلے گئے۔ ’’بمبئی میں کاؤس جی کھٹاؤنے
۵۳روپے ماہانہ پر آغا صاحب کو اپنی کمپنی میں ملازم رکھ لیا۔ یہ آغا حشرؔ کی تمثیل نگاری کا سنگِ بنیاد تھا‘‘۔اس کے بعد انھوں نے اردشیردادا بھائی ٹھونٹی کی کمپنی میں ملازمت کی۔کچھ عرصہ ا لفریڈ ٹھیئٹریکل کمپنی سے وابستہ رہے۔ نیو الفریڈ تھیئٹریکل کمپنی کے تو وہ خاص ڈراما نگار تھے۔ حشرؔ کے ڈرامے پارسی اسٹیج پر عرصہ دراز تک کھیلے جاتے رہے جس سے حشرؔ کی شہرت میں چار چاند لگ گئے اور کمپنیوں کو بھی خوب مالی فائدہ ہوا۔ حشرؔ نے اپنی ایک کمپنی حیدر آباد میں قائم کی لیکن یہ بند ہو گئی۔ ۱۹۱۲ء یا ۱۹۱۳ء میں لاہو رمیں اپنی دوسری کمپنی’’انڈین شیکسپیرتھیئٹریکل کمپنی‘‘ کے نام سے بنائی لیکن کچھ عرصے بعد یہ کمپنی بھی بند ہو گئی۔
۱۹۱۴ء میں آغا حشرؔ کی رفیقہ حیات کا انتقال لاہور میں ہو گیا۔ ناسازگاری حالات کی وجہ سے وہ کلکتہ چلے گئے۔ وہاں انہوں نے کئی ہندی ڈرامے لکھے۔ کلکتہ میں میڈن تھیٹرز میں حشرؔ کے ڈراموں کی کامیابی کے بارے میں ممتاز فن کارہ مختار بیگم نے اپنے ایک انٹرویو میں اس طرح اظہارِ خیال کیا ہے ’’آغا حشرؔ کے اسٹیج ڈر اموں کی مقبولیت کی وجہ سے میڈن تھیٹرز بہت عروج پر جاچکا تھا۔ آغا صاحب اپنے ڈراموں کی موسیقی خود ہی ترتیب دیتے تھے۔ حالانکہ وہ گا نہیں سکتے تھے لیکن یہ اُن کی بڑی خوبی تھی کہ وہ اپنے خیالات اشاروں کنایوں سے میوزک ڈا ئرکٹرکوسمجھاکراپنا مقصد پورا کر لیتے تھے اور بہترین طرزیں بنالیتے تھے۔ ان سب خوبیوں کے باوصف ان میں اچھی آواز کی کمی تھی۔ ان کے ڈرامے جس قدر معیاری تھے اور جس طرح ان کی بر صغیر میں دھوم مچی تھی،اس لحاظ سے میڈن والوں کے پاس فنِ موسیقی کی اعلیٰ درجہ کی کوئی فنکارہ نہیں تھی‘‘۔۱۹۲۸ء میں جب یہ کمپنی امرتسرآئی تو آغاحشرؔ کے ڈراموں ’’آنکھ کا نشہ‘‘ ’’ترکی حور‘‘ اور ’’یہودی کی لڑکی‘‘ نے ایک حشر برپا کر دیا۔
علم الدین سالک لکھتے ہیں کہ’’
۱۹۲۴ء میں آپ نے میڈن تھیئٹرسے قطع تعلق کر لیا اور اپنی کمپنی بناکر آگرہ، بنارس، الہ آباد، اور دیگر مقامات کی سیرکی، ہزہائینس چرکھاری نے آپ کا کھیل دیکھا۔ پچاس ہزار روپیہ دے کرکمپنی خریدلی اور خود آغا صاحب کی شاگردی اختیار کر لی۔ یہ کمپنی کچھ عرصے کے بعدپھر آغا صاحب کو عطاکر دی گئی جو بانس بریلی جاکر بند ہو گئی‘‘،چرکھاری سے جب دوبارہ کلکتہ پہونچے تو ڈراما کی دنیا ہی بدل چکی تھی۔ متکلم فلموں نے تھیٹرؤں کا بازار بالکل سرد کر دیا تھا۔ آغا صاحب نے ’’شیریں فرہاد‘‘کے بعد’’عور ت کاپیار‘‘ لکھ کر ہندوستانی فلموں میں قابل قدر اضافہ کیا‘‘، کلکتہ سے آغا حشرؔ لاہور چلے گئے جہاں انھوں نے داعی اجل کو لبیک کہا۔
 سال تک ڈرامے کی خدمت کرتے رہے۔ انھوں نے بیک وقت اردو اور ہندی دونوں زبانوں میں ڈرامے لکھ کر اپنی فن کارانہ صلاحیت اور زبان دانی کا لوہا منوالیا۔ آغا جمیل صاحب نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اردو ہندی ڈراموں کے علاوہ۱۹۲۲ ء میں اسٹار تھیئٹر یکل کمپنی کلکتہ کے لیے دو ڈرامے ’’اپرادھی کے‘‘ اور ’’مصر کماری‘‘ بنگلہ زبان میں آغا صاحب نے لکھے تھے جو بہت مقبول ہوئے‘‘۔ بیتابؔ بنارسی نے آغا حشرؔ کو ہندی میں ڈرامالکھنے کا چیلنج دیا تھا جس کے جواب میں حشرؔ نے ہندی میں ’’بلوامنگل‘‘ (سورداس) ’’بن دیوی عرف بھارت رمنی‘‘ لکھ کر بیتاب کا منہ بند کر دیا۔ ’’مدھرمرلی‘‘’’آنکھ کا نشہ‘‘ ’’بھگیرت گنگا‘‘ ’’سیتا بن باس‘‘ اور ’’بھیشم پر تگیا‘‘ کے سامنے تو بیتابؔ کے ہندی ڈراموں کی شہرت ماند پڑگئی۔
حشرؔ نے اپنے کئی ڈراموں کے پلاٹ شیکسپیر اور دوسرے مغربی مصنفین کے ڈراموں سے اخذ کیے ہیں۔ جیسے ’’اسیرِحرص‘‘ شیریڈن کے ’’پزارو (Pizarro)‘‘ سے، ’’مریدِ شک‘‘ شیکسپیر کے ’’دی ونٹرس ٹیل‘‘ (The Winter's Tale)‘‘ سے، ’’صیدِ ہوس‘‘ ’’کنگ جان‘‘ (King John)‘‘ سے، ’’شہیدِ ناز‘‘ ’’میثر فارمیثر (Measure For Measure)‘‘ سے، ’’سفید خون‘‘ ’’کنگ لیئر (King Lear)‘‘ سے، ’’خوابِ ہستی‘‘ ’’میکبتھ (Macbeth)‘‘ سے، ’’سلورکنگ یا نیک پروین یا اچھوتا دامن یا پاک دامن‘‘ ’’ہنری آرتھر جونز اور ہنری ہیرمین (Henry Arther jones) اور (Henry Herman) کے سلورکنگ‘‘سے، اور ’’یہودی کی لڑکی‘‘ ڈبلیو، ٹی، مانکریف (W.T.Moncriefe) کے ’’دی جیوس‘‘ (The Jewess)‘‘ سے ماخوذ ہے۔
حشرؔ نے مندرجہ بالا ڈرا موں کو اردو کا لباس اس طرح پہنایا ہے کہ کہیں ان کے کچھ اجزا بعینہٖ لے لیے ہیں‘کہیں قدرے تبدیلی کے ساتھ انھیں پیش کیا ہے اور کہیں صرف مفہوم پر اکتفا کیا ہے۔ان ڈراموں کے پلاٹ انگریزی ڈراموں سے لیے تو ضرور گئے ہیں مگر حشرؔ نے انھیں ہندوستانی تہذیب ومعاشرت اور ماحول وروایت کا جامہ اس طر ح پہنا یا ہے کہ وہ غیر زبان اورمغربی تہذیب کی دین نہیں معلوم ہوتے بلکہ ان میں مانوس کرداروں اور جانے پہچانے ماحول کی عکاسی ملتی ہے۔ اس کے علاوہ ان میں اپنے طرزِمعاشرت کے نمونے اور ملک وقوم کے ذہنی پس منظر کی ترجمانی بھی ہے اورمشرقی اقدار کی آئینہ داری بھی۔ برخلاف انگریزی ڈراموں کے حشرؔ کے ڈراموں کا انجام طربیہ ہے۔
حشرؔ کے چند ڈرامے ایسے ہیں جو قدیم ہندوستانی تہذیب ومعاشرت اور ہندو دیو مالایعنی رامائن اور مہا بھارت کے قصوں پر مبنی ہیں۔جیسے بلوا منگل عرف سورداس‘بن دیوی‘مدھر مرلی‘ سیتا بن باس اور بھیشم پرتگیا وغیرہ۔ان ڈراموں کی زبان زیادہ تر ہندی ہے۔ان کے علاوہ کچھ ڈرامے ایسے ہیں جو معاشرتی‘اصلاحی اور سیاسی موضوعات سے متعلق ہیں۔جیسے ’’خوبصورت بلا‘‘ ’’ترکی حور‘‘ ’’ٹھنڈی آگ‘‘ ’’آنکھ کانشہ‘‘ ’’پہلا پیار‘‘ ’’بھارتی بالک عرف سماج کاشکار‘‘ ’’دل کی پیاس‘‘ اور’’رستم و سہراب‘‘(فردوسیؔ کے شاہنامہ سے ماخوذ)وغیرہ۔
فنِ تمثیل نگار ی میں حشرؔ کے تدریجی ارتقا‘ان کی فنّی بصیرت‘ادبی عظمت اور مقام و مرتبے کو سمجھنے اور متعین کرنے کے لیے ان کے ڈراموں کو عموماً چار ادوار میں تقسیم کیا جاتا ہے۔اس لیے کہ ہر اگلا دور حشرؔ کے فن کی بعض نئی خصوصیات کا حامل ہے۔حشرؔ نے جب اپنی ڈرامانگاری کا آغاز کیا تو اس دور میں مالکانِ کمپنی اور عوام کی پسند کا لحاظ رکھا جاتا تھا۔ بدیہہ گوئی‘فقرہ بازی اور برجستہ گوئی،اشعارکی بھرمار،مقفیٰ اورمسجّع عبارت،گانوں کی کثرت، خطابت کا زور اور جذبات کا طوفان،ڈرامے کے لوازم اور اس کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔اندر سبھا کی روایت کااثرغالب تھا۔اسٹیج پر منشی رونقؔ بنارسی‘حافظ عبداللہ‘نظیربیگ اور حسینی میاں ظریفؔ اور ان کے بعد طالبؔ ، احسنؔ اور بیتابؔ کی دھوم مچی ہوئی تھی۔ابتدائی دور میں حشرؔ نے ان تمام باتوں کو اپنایا۔’’مریدِشک‘‘ ’’مارِآستین‘‘اور’’ا سیرِحرص‘‘اسی دور کی عکاسی کرتے ہیں۔دوسرے دور میں حشرؔ نے ڈرامے کی چند روایات کو برقرار رکھا۔قافیے کا التزام‘ خطابت کے زور کے ساتھ ساتھ مکالموں میں بلند آہنگی ہے لیکن ا شعاراور گانوں میں کچھ کمی نظر آتی ہے۔حشرؔ اپنی خدا داد صلاحیت،سماجی شعور اور فنّی کاریگری کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔چھوٹے چھوٹے فقروں سے ڈرامائی کیفیت پیدا کرنے میں بڑی حدتک کامیاب نظر آتے ہیں۔
تیسرا دور حشرؔ کے فنّی ارتقاء کا دور ہے۔حشر نے ا س عہد میں ڈرامے کی دیرینہ روایات سے ہٹ کر اسے نئے سلیقے سے آراستہ کیا اور اسے نئی پہچان دی۔ڈرامے کو تہذیب ومعاشرت سے متعلق اصلاحی مقصد کا ترجمان بنایا۔جمیلؔ جالبی صاحب نے صحیح کہا ہے کہ ’’آغا حشرؔ نے ڈرامے کو بلند کیا۔ اس میں معاشرتی اور اصلاحی پہلو بھی اجاگر کیے اور ڈرامے کے ذریعہ سیاسی اور اصلاحی مقصدکا کام بھی لیا۔آغا حشرؔ کی اہمیت یہ ہے کہ انھوں نے ڈرامے کی روایت کو ہمارے مزاج میں شامل کیا۔ہمیں ڈرامے کے عملی معنی سمجھائے۔ہمیں ڈراما پیش کرنے اور دیکھنے کا سلیقہ دیا‘‘۔ اس دور میں حشرؔ نے مقفٰی نثراور بے سروپا موضوعا ت کی جگہ دقیانوسی اسٹیج پر معاشرتی‘مذہبی اور اصلاحی موضوعات کو جگہ دی۔اس دور کے ڈراموں میں نثر کا استعمال زیادہ ہے۔اشعار اور قا فیے کا التزام صرف اس حد تک جائز رکھا ہے جو کرداروں کے مزاج اور ان کی شخصیت کا صحیح عکس معلوم ہو اور ناظرین میں عمل کی شدت اور جوش پیدا کر سکے۔ اس دور کے مشہور ڈرامے ’’خوابِ ہستی‘‘ ’’خوبصورت بلا‘‘ ’’سلورکنگ‘‘ ’’ترکی حور‘‘ ’’یہودی کی لڑکی‘‘ ’’بلوا منگل‘‘ اور ’’آنکھ کا نشہ‘‘ ہیں۔کہا جاتا ہے کہ ’’آنکھ کا نشہ‘‘ جب اسٹیج پر پیش کیا گیا تو ناظرین شراب کے بتاہ کن اور عبرت انگیز نتائج سے اتنے متاثر ہوئے کہ ان میں سے بہت لوگوں نے شراب نوشی ترک کر دی۔
چوتھا دور حشرؔ کی ڈراما نگاری کا آخری اور انتہائی اہم دور ہے۔ اس دور کو حشرؔ کے فن کارانہ شعور کی پختگی اور ارتقائی عمل کا بہترین دورکہنا مناسب ہوگا۔ کرداروں کے مکالمے ان کی شخصیت کو ابھارنے، واقعات میں تاثیر پیدا کرنے اور عمل کو پرُ اثر بنانے کا کام کرتے ہیں۔ اس دور کے ڈراموں میں نہ اشعار کی کثرت ہے نہ قافیہ کی جھنکار۔ گانوں کا استعمال بہت کم ہے یا بالکل نہیں ہے۔
حشرؔ اپنے ڈراموں کے کردار اپنے دوستوں، آشناؤں اور ملاقاتیوں کے حلقے سے انتخاب کر لیتے تھے اور بعض اوقات ان کرداروں کو جنم دینے میں ان کے تخیل کی کارفرمائی ہوتی تھی۔ حشرؔ نے چونکہ سماج کے کسی نہ کسی طبقے نیز زندگی کے اہم مسائل کو اپنا موضوع بنایا ہے اس لیے ان کے یہاں بادشاہ، وزیر، بیگم، خادمہ، باغی، غدّارِ قوم، محبِّ وطن، عصمت مآب اور وفادار بیویاں، جانثار ملازم، شرابی، جواری، طوائف، ڈاکو اور قاتل، غرض کہ ہر طرح کے کردار موجود ہیں۔ا ن کے کرداروں کی ایک نمایا ں خصوصیت یہ ہے کہ مصائب اور پریشانی ان میں احساسِ شکست پیدا کرنے کے بجائے ان میں ان مصائب سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ اور زندگی کی شمع روشن کرنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔
حشرؔ کے فنِّ تمثیل نگاری کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک طرف تو انھوں نے عوام کی پسند اور ذوق کا خیال رکھا اور دوسری طرف ڈرامے کے فن کو بلندی اور جِلا بخشنے کی بھر پور کوشش کی۔ انھوں نے اسٹیج کے لوازم وضروریات کا لحاظ بھی کیا اور ڈرامے میں سماجی اور اصلاحی موضوعات سمو کر اسے وسعت بخشی۔ ڈرامے کو روایتی پابندیوں سے آزاد بھی کیا اور اسے محض ایک تفریحی مشغلے کے درجے سے اوپر اٹھا کر سنجیدہ اور سبق آموز پہلوؤں کا ترجمان بنایا۔ ڈاکٹر عطیہ نشاط کے الفاظ میں ’’ان کا بڑا کارنامہ یہی ہے کہ انھوں نے پلاٹ، کردار، مکالمہ، نقطہ نظر، زبان وبیان اور طرز ادا ہر پہلو سے اردو ڈرامے کو اپنے پیش روؤں سے آگے بڑھایا اور پارسی اسٹیج کو وہا ں پہنچادیا جہاں وہ اس سے پہلے نہیں پہنچا تھا‘‘۔اپنے پیش روؤں اور ہم عصروں سے بلند ہوکر حشرؔ نے ڈرامے کو زندگی سے قریب تر لانے کی جو قابلِ قدر کوشش کی وہ اُن کے گہرے سماجی شعور، مشاہدے کی گہرائی، انسانی نفسیات کے عمیق مطالعے اور عصری حسیّت کی مظہر ہے۔ در اصل وہ اپنے دور کے پہلے اور آخری ارتقا پسند فن کار اور ایک عظیم ڈراما نویس تھے۔
اردو ڈرامے کی تاریخ میں حشرؔ سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے قدیم پیرہن کو جدید رنگوں سے سجا کر ڈرامے کو حسن وعشق کے کوچے اور جنگ و خون ریزی کے ہنگامے سے نکال کر زندگی کے مسائل کا ترجما ن بنایا۔ بقول پروفیسر آل احمد سرورؔ ’’انھوں نے ڈرامے کو زیادہ ’روداد‘ بنادیا۔ وہ زمانے کے ساتھ بدلتے رہے اور اس طرح وہ قدیم وجدید کے درمیان ایک کڑی ہیں‘‘
ڈراما چونکہ بیک وقت سمعی اور بصری تقاضوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے اس لیے اس کی حقیقی قدر وقیمت اس کی تحریری شکل میں نہیں بلکہ اس کی اسٹیج پر پیش کش کے ذریعے ہی متعین کی جاسکتی ہے، گویا ڈراما اور اسٹیج لازم وملزوم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پروفیسر احتشام حسین نے صحیح کہا ہے کہ ’’ڈراما کی عملی کامیابی کی کسوٹی اسٹیج ہے اور اسٹیج ایک پیچیدہ ذریعہ اظہار، ہدایت کار، اسٹیج کے لوازم،(یعنی پردے، روشنی، موسیقی وغیرہ) اور اداکار مل کر اسٹیج کی تکمیل کرتے ہیں۔ پھر ان سب کے بعد تماشائی ہے جس کی جذباتی اور ذہنی شرکت کے بغیراچھے سے اچھا ڈراما بھی کامیاب نہیں ہو سکتا‘‘۔
حشر کے ڈرامے بھی اسٹیج کے لیے لکھے گئے اور اسی پہلو سے انھوں نے اپنے پیش روؤں اور ہمعصروں سے بہت آگے بڑھ کر کامیابی حاصل کی۔ آج بھی ان کے ڈراموں سے صحیح طور پر لطف اندوز ہونے کے لیے ہی نہیں بلکہ ان کی حقیقی قدر وقیمت متعین کرنے کے لیے بھی اور یہ جاننے کے لیے بھی کہ وہ اسٹیج تکنیک کو کتنی پُرکا ری سے استعمال کرتے ہیں، سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ انھیں اسٹیج پر پیش کرکے حشرؔ کے کمالِ فن، ان کی تخلیقی صلاحیت اور ان کی طبّاعی کے جوہر کو نمایاں کیا جائے۔ ان کے فن کی عظمت اسٹیج کے پردے ہی میں سے حقیقی جلوہ گری کا مظاہرہ کر سکتی ہے۔
********